پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو بھارتی ویزے جاری نہ ہونے پر پی سی بی مایوس

10-07-2023

(ویب ڈیسک)مودی سرکار کی ہٹ دھرمی کے باعث ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو تاحال بھارتی ویزے جاری نہیں ہوسکے، جس کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ مایوسی کا شکار ہے۔

 آئی سی سی مینز ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کیخلاف جیت چکی ہے لیکن مودی سرکارکی روایتی ہٹ دھرمی برقرار ہے، ویزے جاری نہ ہونے کے باعث پاکستانی صحافیوں اور فینز کو تاحال غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ ورلڈکپ میں پاکستان کا افتتاحی میچ کور کرنے کیلئے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری نہ ہوئے اور اب میگا ایونٹ شروع ہونے کے بعد بھی ویزے جاری نہ ہونے پر پاکستانی شائقین اور صحافیوں نے تشویش کا اظہارکیا ہے۔ صحافی اور شائقین کھیلوں کی تقریبات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کی موجودگی نہ صرف سٹیڈیم میں رونق بڑھاتی ہے بلکہ عالمی سطح پر کھیل کی کوریج میں بھی حصہ ڈالتی ہے، صحافی دنیا بھر کے شائقین تک کھیلوں کا جوش و خروش پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے شائقین اور صحافیوں کیلئے ویزا جاری کرنے سے متعلق آئی سی سی کو ان کی ذمہ داریوں اور اراکین کے معاہدے سے متعلق یاد دلاتے رہے ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔  پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ امید ہے جلد شائقین اور صحافی آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود ہوں گے۔