وزیراعلیٰ محسن نقوی کا علی الصبح تھانہ ڈیفنس اے کا دورہ، ریکارڈ چیک کیا

10-07-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح تھانہ ڈیفنس اے کا دورہ کیا، بھیک مانگنے پرحوالات میں بند بزرگ کی سنی گئی اور رہائی مل گئی۔

 وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دورے کے دوران حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے پوچھا، بھیک مانگنے پر حوالات میں بند بزرگ نے وزیراعلیٰ سے رہائی کی درخواست کی۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بزرگ کو رہائی دلوائی گئی۔ بزرگ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ڈھیروں دعائیں دیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں پر کارروائی مقررہ مدت میں یقینی بنانے کا حکم دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ وزیراعلیٰ نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی تھانے کے ہر کمرے میں گئے ۔ مال خانہ، بیرکس اور واش رومز کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تھانوں میں سائل کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے اور فوری داد رسی ہونی چاہیے ۔