ایشین گیمز: پاکستان کو سیمی فائنل میں افغانستان کے ہاتھوں شکست

10-06-2023

(ویب ڈیسک) ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں افغانستان نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

ینگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں افغانستان نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم قومی ٹیم افغانستان کو متاثر کن ہدف دینے میں ناکام رہی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 115 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد افغانستان کو جیت کیلئے 116 رنز درکار تھے، افغانستان نے 17 اوورز اور 5 گیندوں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کر لیا۔ میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت قاسم اکرم نے کی، قومی ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف 24 رنز بنا کر نمایاں رہے، عرفات منہاس نے 14 رنز بنائے جبکہ عامر جمال بھی 14 اور روحیل نذیر 10 رنز بنا سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلا دیش کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، افغانستان ٹیم فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی۔