پولیس ویلفیئر پروگرام کے تحت شہداء کی فیملیز کو پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دے دیئے گئے

10-06-2023

(لاہور نیوز) پولیس ویلفیئر پروگرام کے تحت 2017 سے پہلے کے مزید 31 پولیس شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کے ملکیتی کاغذات حوالے کر دیئے گئے۔

سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ فیصل آباد ریجن کے 31 شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے گئے۔ پلاٹس حاصل کرنے والوں میں فیصل آباد کے 23، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 4 اور چنیوٹ کے بھی 4 شہداء کے ورثا شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو 2017 سے پہلے کے تمام شہداء  کے اہل خانہ کے گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس کا بندوبست کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ نیک اور مخیر افراد کے تعاون سے تمام پولیس شہداء کے اہل خانہ کیلئے پلاٹس کا انتظام کر رہے ہیں، اب تک 2017 سے قبل کے شہداء کی فیملیز کے لئے 526 پلاٹس کی فراہمی کا بندوبست کیا جا چکا ہے، تعمیری اخراجات کیلئے بھی 25 لاکھ روپے ماہانہ اقساط میں دئیے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ 2023 میں 12 پولیس جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں، کوئی پلاٹ یا گھر انسانی جان کا نعم البدل نہیں، اس اقدام سے شہداء کی فیملیز کی مشکلات میں کمی اور انہیں ذاتی چھت میسر آئے گی۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کے علاج کیلئے مزید 13 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدام جاری رکھنے کا حکم دیا۔