لاہور سمیت صوبے بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف

10-06-2023

(لاہور نیوز) لاہور سمیت صوبے بھر میں نابالغ بچوں کی شادی اور نکاح فارم کالم پُر نہ کرنے کا انکشاف ہو گیا۔ محکمہ بلدیات کو کم عمری کی شادی اور نکاح فارم کے کیسز پر سو سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں۔

کم عمری کی شادی روکنے اور 1929 کے ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کے لیے محکمہ بلدیات نے مراسلہ جاری کر دیا۔ نکاح رجسٹرار اور سیکرٹری یونین کونسل نکاح فارم کے کالم پُر نہ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ چائلڈ میرج ایکٹ 1929 اور مسلم فیملی لاء آرڈیننس 1961 پرعمل درآمد میں کوتاہی کے مرتکب کو جیل بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ مسلم فیملی لاء آرڈیننس کے تحت نکاح نامے کے تمام کالم پُر کرنا لازم ہے۔ آرڈیننس پر عمل درآمد نہ کرنے والے نکاح رجسٹرار کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ نکاح رجسٹرار پر آرڈیننس کی خلاف ورزی پر پیڈا ایکٹ بھی لاگو کیا جائے گا۔ زبانی کلامی عمر سن کر نکاح پڑھانے والے نکاح رجسٹرار کو جیل کی ہوا کھانا پڑیگی۔ دوران نکاح دُلہا اور دُلہن کے شناختی کارڈ، بے فارم ، یا سکول سرٹیفکیٹ کی چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ تمام میونسپل کمیٹیاں اور یونین کونسلز احکام پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کو روکنے میں رجسٹرار اور سیکریٹریز کردار ادا کریں۔