ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دے دیا

10-06-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو جیت کیلئے 287 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہو گئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔ سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد 9، شاداب خان 32، محمد نواز 39 جبکہ حسن علی بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے۔ نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 4 جبکہ وین بیک، پال وین میکرین، آرین دت اور کولن ایکرمین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے، 290 یا 300 پلس رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔ نیدرلینڈز کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی۔ قومی سکواڈ پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔