سیاحت کا فروغ ، محکمہ فشریز نے چڑیا گھر کی آبشار میں رنگ برنگی مچھلیاں چھوڑ دیں

10-06-2023

(لاہور نیوز) محکمہ فشریز پنجاب نے سیاحت کے فروغ اور چڑیا گھر میں سیاحوں کی توجہ کے لیے رنگ برنگی زیبائشی مچھلیاں آبشار میں چھوڑ دیں۔

ڈاٸریکٹر ایکوا کلچر پنجاب ڈاکٹر محمد عابد نے لاہورچڑیا گھر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر ایکوا کلچر ڈاکٹر محمد عابد نے اس موقع پر بتایا کہ سیاحوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے زیبائشی مچھلیاں چھوڑی گئی ہیں، لاہور کا چڑیا گھر ایک خوبصورت تفریح گاہ ہے جہاں بچے اور بڑے شوق سے آتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عابد نے مزید کہا کہ آبشار میں تیرتی یہ رنگ برنگی زیبائشی مچھلیاں سیاحوں کےلیے دلچسپی کا باعث ہوں گی اور چڑیا گھر کی رونق بڑھائیں گی، لاہور چڑیا گھر میں ساکن پانیوں میں ڈینگی کنٹرول کرنے کے لیے تلاپیہ مچھلی کی سٹاکنگ بھی باقاعدگی سے کی جا رہی ہے، محکمہ فشریز پنجاب عوام کو سہولیات پہنچانے کے لیے لاہور چڑیا گھر کے ساتھ اپنا تعاون آئندہ بھی برقرار رکھے گا۔