مجاہد سکواڈ کی کارروائی: مردہ جانور کا 10 من گوشت برآمد
10-06-2023
(لاہور نیوز) لاہوریے مردہ گوشت کھانے سے بچ گئے،مجاہد سکواڈ نے ناکہ نیو راوی پر مردہ جانور کا 10 من گوشت برآمد کر لیا۔
ترجمان مجاہد سکواڈ نے بتایا کہ شادی ہال کیلئے مردہ جانور کے گوشت کی سپلائی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان سے مردہ جانوروں کا 7 من بیف،3 من مٹن برآمد ہوا ہے۔ ملزمان گاڑی میں فاروق آباد سے مردہ گوشت لاہور منتقل کر رہے تھے۔ مضر صحت گوشت کی تلفی اور دیگر ضروری کارروائی کیلئے محکمہ فوڈ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ گرفتار ملزمان ریاض اور سخاوت کو قانونی کارروائی کیلئے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی مجاہد سکواڈ زوہیب رانجھا کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں، ناکہ جات پر سپروائزری آفیسرز کی زیرنگرانی سخت سکیورٹی کا عمل جاری ہے۔