کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان کی نیدرلینڈز کے خلاف آدھی سے زائد ٹیم پویلین لوٹ گئی

10-06-2023

(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز کیخلاف پاکستان کی آدھی سے زیادہ ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

 پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہوگئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی۔ سعود شکیل نے اپنے ون ڈے کیریئر کی یہ دوسری ففٹی مکمل کی جس میں انہوں نے 7 چوکے اور ایک چھکا لگایا، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔ قبل ازیں بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ورلڈ کپ کا اچھا آغاز کریں گے، 290 یا 300 پلس رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔ نیدرلینڈز کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پچ دوسری اننگزمیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی۔ قومی سکواڈ: پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم، امام الحق، فخرزمان، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔