جمعةالمبارک: پولیس مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کیلئے الرٹ

10-06-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، اہم مقامات اور کاروباری مراکز کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی ہے کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس انتہائی چوکس رہے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں، ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، تھانوں کی ٹیمیں عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا ہے کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز سے جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار ملک دشمن اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، بلند مقامات پر تعینات سنائپرز اطراف کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔