پولیس مقابلہ: درجنوں مقدمات میں مطلوب اشتہاری عارف مسیح زخمی حالت میں گرفتار

10-06-2023

(لاہورنیوز) لاہور پولیس کو درجنوں مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ اشتہاری ملزم عارف مسیح کی تلاش ختم ہو گئی، مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈیفنس اے پولیس نے مشکوک ملزمان کی تلاش میں ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اس اثناء میں دو ملزمان موٹرسائیکل پر آئے جن کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ ملزمان  نے ناکہ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہو گئے۔ ناکہ پر موجود پولیس اہلکاروں کے پیچھا کرنے پر دونوں ملزمان موٹر سائیکل سے گر گئے اور پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں عارف مسیح اپنے ہی ساتھی کی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا۔  عارف مسیح ولد ارجن مسیح کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، جس کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ جائے وقوعہ پر ایس ایچ او ڈیفنس اے سمیت پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ زخمی ملزم کو مقامی ہسپتال میں علاج معالجے کیلئے منتقل کر دیا گیا۔ جہاں اسے ڈاکٹرز کی جانب سے فرسٹ ایڈ فراہم کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم عارف مسیح درجنوں مقدمات میں لاہور پولیس کو مطلوب تھا، ملزم پر قتل، اقدام قتل، چوری، ڈکیتی اور راہزنی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔