پنجاب میں مقیم غیر ملکی خود واپس چلے جائیں ورنہ کریک ڈاؤن ہو گا: محسن نقوی
10-06-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں مقیم غیر ملکیوں کو خود واپس چلے جانا چاہیے ورنہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ صوبے میں مقیم غیر ملکی شہریوں کا ابتدائی ڈیٹا تیار کرلیاگیا ہے، پنجاب میں مقیم غیر ملکیوں کو خود واپس چلے جانا چاہیے ورنہ بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کسی سے زیادتی نہیں ہوگی لیکن غیر قانونی طورپر مقیم کسی غیر ملکی کو پنجاب میں نہیں رہنے دیا جائے گا، سکول بند کرنے سے آشوب چشم کے کیسز میں واضح کمی آئی۔ طبیعت ناسازی کے باوجود دوروں کے سوال پر جواب دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ الحمداللہ بہتر محسوس کررہا ہوں، شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہا ہے،پل مکمل ہوچکا دیگر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، بند روڈ کے بڑے پراجیکٹ کو دو تعمیراتی کمپنیاں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔ نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دن رات کام کر کے بند روڈ پراجیکٹ کو 120دن سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، بند روڈ پراجیکٹ کے دونوں پیکیج بیک وقت شروع ہوچکے ہیں، راولپنڈی میں رنگ روڈ، سیف سٹی اتھارٹی سمیت درجنوں زیر التوامنصوبے شروع کرائے ہیں، راولپنڈی کے پراجیکٹ90سے 180دن میں مکمل کروائیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا ایک پورشن جلد مکمل کرلیا جائیگا، گوجرانوالہ،فیصل آباد اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ150دن میں بیک وقت مکمل کروائیں گے۔