ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا

10-06-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواستوں کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، 1977 کا ایکٹ کالعدم قرار دے دیا۔

ہائیکورٹ نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ چینی کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار صرف صوبائی حکومت کے پاس ہے۔  فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت بہتر طریقے سے چینی اوراشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر کرسکتی ہے، وفاقی حکومت کو اشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار نہیں ہے۔  فیصلے میں مزید قرار دیا گیا ہے کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے کے ساتھ اشیاء کی تجارت بھی کرسکتا ہے، صوبے درپیش حالات و واقعات میں بہتر انداز میں فیصلے کرسکتے ہیں ، 1977 کا ایکٹ آئین پاکستان کے مطابق نہیں ہے ، صوبے 1977 کا ایکٹ اپنا نہیں سکتے ۔ تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول سے متعلق قانون سازی صوبائی اسمبلی کا اختیار ہے ،1977 کے ایکٹ کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں ہوتا ہے یا نہیں اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتے کیونکہ وہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں اٹھایا گیا ۔ عدالت درخواستوں اور انٹرا کورٹ اپیل کو منظور کرتی ہے اور 1977 کا ایکٹ کالعدم قرار دیتی ہے ۔ جسٹس شاہد کریم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے 27 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا ہے۔