16 اکتوبرسے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان

10-06-2023

(ویب ڈیسک) عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں 16 اکتوبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید کم ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ نگران حکومت نے 30 ستمبر کو پٹرول کی قیمت میں 8 روپے کمی کی تھی جس کے بعد نئی قیمت 323.38 روپے ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 11 روپے سستا کیا گیا اور نئی قیمت 318.18 روپے مقرر کی گئی تھی۔ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب 7 ڈالر فی بیرل کی کمی آگئی ہے جس کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔ جمعرات کے روز گلف مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 92 جبکہ عالمی منڈی میں 84 ڈالر پر آگئی ہے اور اس ریٹ کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 22 روپے کمی بنتی ہے جبکہ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں بھی 20 روپے سے زائد کی کمی بنتی ہے۔ ڈالر ریٹ کے مطابق پاکستان میں فی بیرل تیل کی قیمت 26 ہزار 220 روپے ہے جبکہ 15 ستمبر کو 29 ہزار 898 روپے تھی۔ سٹیٹ بینک کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں 20 روپے سے زائد کی کمی ہو چکی ہے جبکہ دوسری جانب 23 دن پہلے درآمد ہونے والا پٹرولیم مصنوعات کا سٹاک بھی نکل چکا ہے۔ اگر حکومت نے ٹیکسز نہ لگائے تو عوام کو رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  بڑا ریلیف مل سکتا ہے۔