بابراعظم پریس کانفرنس میں انگلش کپتان کیلئے ترجمان بن گئے

10-06-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کے لیے ترجمان بن گئے، روہت شرما کی طرف سے ہندی میں دیا گیا جواب انگریزی میں ترجمہ کرکے سمجھا دیا۔

آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل تمام کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کی ایک کانفرنس ہوئی جس میں صحافیوں نے سوالات پوچھے۔ اسی دوران ایک صحافی کے سوال پر بھارتی کپتان روہت شرما نے گالی دے دی۔ صحافی نے پوچھا کہ پچھلے ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ کو جس طرح کامیاب قرار دیا گیا کہ میچ پہلے ٹائی ہوا پھر سپراوور ہوا اور پھر ٹائی ہوگیا، تو اس پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قراردیا جاسکتا تھا، آپ اس پر کیا کہیں گے؟ صحافی کے سوال پر بھارتی کپتان روہت شرما غصے میں آ گئے، سوال پوچھنے والے کو گالی دے دی اور بولے کیا سوال ہے یار، میں کیا جواب دوں اس کا؟ روہت شرما کے انداز پر وہاں موجود لوگ اور پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی ہنس پڑے۔ اس موقع پر انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر جو بابراعظم کے ساتھ بیٹھے تھے، انہوں نے سوالیہ انداز میں بابر کو دیکھا اور روہت کی بات کا مطلب دریافت کیا جس پر بابراعظم نے ترجمہ کرکے روہت کی کہی گئی بات جوز بٹلر کو بتائی۔ پریس کانفرنس میں بیشتر سوالات بابراعظم اور روہت شرما سے کیے گئے۔