سی بی ڈی اے کا وحدت کالونی میں بلندوبالا عمارتوں کی تعمیر کا پلان ڈگمگانے لگا

10-05-2023

(لاہور نیوز) وحدت کالونی میں بلندوبالا عمارتوں کی تعمیر کا پلان کھٹائی میں پڑ گیا۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا پلان ڈگمگانے لگا۔

وحدت کالونی میں بلند و بالا رہائشی عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ ادھورا رہ گیا۔ ایک سال کا عرصہ بیت گیا مگر کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔ ستمبر 2022 میں وحدت کالونی کی اراضی منصوبے کی ذمہ داری نیا پاکستان ہاؤسنگ سے سی بی ڈی اے کو سونپی گئی۔ ایک سال گزرنے کے باوجود وحدت کالونی کے مستقبل کا فیصلہ نہ ہو سکا۔ وحدت کالونی میں رہائش پذیر لوگوں کی منتقلی کا عمل منصوبے میں آڑے آ گیا۔ پلان کے تحت وحدت کالونی میں 1400 سے زائد کوارٹرز کو گرایا جانا ہے۔ کالونی کی 550 کنال سے زائد اراضی پر 3 ، 7 اور 11 منزلہ عمارتیں تعمیر ہونا ہیں۔ دوسری جانب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وحدت کالونی کی اراضی پر ماسٹر پلان کی تیاری شروع کر دی ہے۔