چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فیصلہ معطلی کی متفرق درخواست سماعت کیلئے مقرر
10-05-2023
(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فیصلہ معطلی کی متفرق درخواست پر تین اعتراض عائد کر کے سماعت کے لیے مقرر کر لی۔
اعتراضات اسلام آباد ہائیکورٹ کی ڈائری برانچ کی جانب سے عائد کئے گئے ہیں، رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا ہے کہ ایک درخواست میں دو قسم کی استدعا کیسے کی جا سکتی ہے؟ پہلے جس درخواست پر فیصلہ ہو چکا اس میں دوبارہ کیسے ریلیف مانگ سکتے ہیں؟۔ رجسٹرار آفس کے مطابق سزا معطلی کی پہلی درخواست میں ریلیف مانگا نہیں، اب کیسے مانگ سکتے ہیں؟ رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست جمعۃ المبارک کو سماعت کے لئے مقرر کر دی، چیف جسٹس عامر فاروق اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپیل میں ترمیم کرکے اسٹیٹ کو فریق بنانے کی بھی استدعا کر رکھی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے ذریعے متفرق درخواست دائر کی۔