شاہینوں کے ورلڈ کپ سکواڈ میں کن4 کھلاڑیوں کو نہیں ہونا چاہیے تھا ؟پروفیسر حفیظ نے نشاندہی کردی

10-05-2023

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے 4 ایسے کھلاڑیوں کی نشاندہی کردی جن کو ورلڈ کپ 2023 کیلئے تشکیل دی گئی ٹیم میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔

تفصیلات کےمطابق  سابق کرکٹر محمد حفیظ  سے انٹرویو میں سوال کیا  گیاکہ  آپ چونکہ پاکستان کی ٹیکنیکل کمیٹی سے وابستہ تھے تو مجھے 4 ایسے کھلاڑی بتادیں جن سے متعلق آپ کو خدشات تھے اور آپ  کے خیال میں ان کھلاڑیوں کو ورلڈکپ سکواڈ  میں شامل نہیں ہونا چاہیے تھا۔     سوال کے جواب میں محمد حفیظ نے واضح  کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے پہلے تو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ میں ٹیکنیکل کمیٹی میں نہ تو سلیکٹر تھا،نہ  کپتان تھا ،نہ ہی ٹیم ڈائریکٹر اور  نہ ہی ہیڈ کوچ تھا، میرا کردار اس کمیٹی میں صرف اتنا تھا کہ میں نے مددگار کے طور پرمسائل کی شناخت کرنی تھی، پھر ان مسائل کو دور کرنے کی ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ کی تھی، اس کمیٹی کے رکن کے طور پر میرا کردار صرف اتنا ہی تھا،اس سے زیادہ میری کوئی پہنچ نہیں تھی اور نہ ہی میں نے اپنے کردار سے ہٹ کر کسی دوسرے کے کاموں میں خلل ڈالا۔ سابق کپتان نےکہا کہ اگر بات کریں پاکستان اسکواڈ میں شامل ان 4  کھلاڑیوں کی جو تیار نہیں تھے، تو اس کیلئے صاف کہوں  گا کہ ٹیم میں دوسرے نمبر پر اوپنر، نمبر 5 پر موجود کرکٹر،متبادل سپنرز اور نئی بال کا آپریٹر، یہ  4 ایسی پوزیشن ہیں جن کیلئے ہم تیار نہیں ہیں۔ سابق کپتان نے مزید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے  مزید کہا کہ ہمارے سپنرز اچھے کھلاڑی ہیں لیکن تیار نہیں ہیں ، نئی بال کا آپریٹر ہمارے پاس نہیں ہے، اللہ نہ کرے اگر ورلڈکپ کے 48 دنوں میں شاہین یا حارث کو کوئی انجری ہوجاتی ہے تو ہمارے پاس ان کے متبادل میں کوئی باولر نہیں ہے، اگر پانچویں ایشو کو دیکھیں تو ہمارے پاس باولنگ آل راؤنڈر بھی نہیں ہے۔