کیا آپ جانتے ہیں انار کو استعمال کرنے کے کیا فوائد ہیں؟

10-05-2023

(ویب ڈیسک)ماہرین نے انار کے استعمال سے حاصل ہونیوالے فوائد سے متعلق تحقیق جاری کردی۔

تحقیق کے مطابق انار کے دانوں میں پولی فینول اینٹی آکسائیڈنٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے،پولی فینولز ایسے مرکبات ہیں جو خلیات کو نقصان پہنچانے والے غیرمستحکم مالیکیولز کا مقابلہ کرتے ہیں جبکہ ان مالیکیولز کو فری ریڈیکلز بھی کہا جاتا ہے۔انار میں پولی فینولز کی ایک قسم فلیونوئڈز موجود ہوتی ہے جو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہے جبکہ مختلف امراض جیسے ہائی بلڈ پریشر اور کینسر کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انار کے دانوں سے بھرے آدھے کپ سے جسم کو 5 گرام فائبر ملتا ہے جو دن بھر کے لیے درکار مقدار کے 18 فیصد حصے کے برابر ہوتا ہے،انار میں ایسے فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو آسانی سے جسم میں جذب نہیں ہوتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انار کے دانوں سے بھرے آدھے کپ سے 9 ملی گرام وٹامن سی جسم کا حصہ بنتا ہے،انسانی جسم اس وٹامن کو خود نہیں بناپاتا تو اسے غذا کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے جو جسم میں ایک اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔وٹامن سی جسم کے متعدد افعال جیسے پروٹین میٹابولزم کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے جس سے موسمی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔