بلدیہ عظمیٰ کا شیر پاؤ بازار میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، ایف آئی آرز درج

10-05-2023

(لاہور نیوز) تجاوزات اور قبضہ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا۔ بلدیہ عظمیٰ نے شیر پاؤ بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دیں۔

تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں میں25شیڈز ، 50 تھڑے اور چار تنور مسمار کر دئیے۔ 70ریڑھیاں اور کاؤنٹرز ضبط ، 10 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج ، 6ٹرک سامان ضبط کر کے سٹور میں جمع کروا دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف اور زونل آفیسر ریگولیشن سہیل اشرف گوندل نے آپریشن کی نگرانی کی جبکہ ریگولیشن انچارج محمد عامر اور بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین نے آپریشن میں حصہ لیا۔ دوسری جانب ایل ڈی اے بھی قبضہ مافیا کے خلاف ان ایکشن ہے۔ شعبہ ہاؤسنگ سیون نے جوہر ٹاؤن میں کارروائی کی۔ آپریشن کی سربراہی ڈائریکٹر ہاؤسنگ سیون معظم رشید نے کی۔ 90کروڑ روپے مالیت کی سات کنال کمرشل اراضی واگزار کروا لی گئی۔ ایل ڈی اے ٹیم نے جوہر ٹاؤن میں سرکاری کمرشل اراضی پر قائم املاک مسمار کر دیں۔ لینڈ مافیا نے کمرشل ہال، گھر اور باؤنڈری وال تعمیر کر رکھی تھی۔