لاہور بورڈ کے امتحانی سنٹر کی عمارت کرایہ پر دینے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری

10-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور بورڈ کے امتحانی سنٹر کی عمارت غیرتعلیمی مقاصد کیلئے کرایہ پر دینے کیخلاف کیس پر سماعت میں لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ 3 برس کا ریکارڈ طلب کرنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست گزاروں کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور بتایا کہ اس کیس میں  پنجاب حکومت کا موقف ہے کہ امتحانی سنٹر خسارے میں جا رہا ہے اور اس کی وجہ سے لارنس روڈ کے اردگرد ٹریفک جام رہتا ہے۔ جسٹس انوار حسین نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کا عدالت میں سارا کیس ہی یہ رہا ہے کہ امتحانی سنٹر کی وجہ سے ٹریفک مسائل ہیں۔ میاں داؤد نے مزید موقف اختیار کیا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ایک مرتبہ بھی لاہور بورڈ خسارے میں نہیں گیا، حکومت امتحانی سنٹر لارنس روڈ پر غیرقانونی قبضہ کرنے کیلئے غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ عدالت لاہور بورڈ کی انتظامیہ کو گزشتہ 3 برس کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے۔