سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات، جوڈیشل کمیشن کی تشکیل بارے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی گئی

10-05-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر چیف سیکرٹری پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے شہری عاشر سرفراز کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کابینہ نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے معاملے پر فیصلہ کر دیا ہے، کابینہ نے جوڈیشل کمیشن تشکیل نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، درخواست غیر موثر ہونے پر ناقابل سماعت ہے، درخواست گزار کابینہ کے فیصلے کو چیلنج کر سکتا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے درخواست دائر کی، ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری کو زیر التوا درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا، چیف سیکرٹری نے عدالتی حکم کے باوجود درخواست پر پندرہ دن میں فیصلہ نہیں کیا، درخواست گزار کی جانب سے چیف سیکرٹری کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دی۔