31 اکتوبر تک مینول چالان سسٹم کو ای چالان سسٹم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
10-05-2023
(لاہور نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے چالان سسٹم کو ڈیجیٹائز کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں، 31 اکتوبر تک مینول چالان سسٹم کو ای چالان سسٹم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی چیکنگ کا سسٹم تیز کر دیا گیا ہے، گزشتہ چار دنوں میں ریکارڈ ساڑھے گیارہ ہزار گاڑیوں کو چیک کیا گیا، گاڑیوں کی چیکنگ کے شواہد اور مکمل ڈیٹا موجود ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد نے محکمہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایڈمنسٹریشن، فیلڈ افسران اور پی ایم اے اینڈ پی ٹی سی کے نمائندوں سے بیک وقت بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ بس اڈوں کے خلاف فی الفور کریک ڈاؤن کیا جائے اور مستقل بنیادوں پر اس کا حل نکالا جائے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں 26 وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سنٹرز قائم کئے جا چکے ہیں اور جہاں جہاں ضرورت ہے مزید قائم کئے جائیں گے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ بس اڈوں کی ری سٹرکچرنگ کی ضرورت ہے اور اڈوں پر ہونے والی بدعنوانیوں اور بے ضابطگیوں کو دور کیا جائے، ماحولیاتی آلودگی صوبہ پنجاب بالخصوص لاہور کا ایک اہم مسئلہ ہے، دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے۔ نگران صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ لوگوں کو گاڑیوں کی فٹنس برقرار رکھنے کی طرف راغب کیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ مختصر مدت میں ایسے کام کریں کہ جس سے لوگوں کو آنے والے وقت میں فائدہ پہنچے۔