بغیر ہیلمٹ،بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف پھر کریک ڈاؤن کا حکم

10-05-2023

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور مستنصر فیروز نے بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف ایک بار پھر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے دونوں مہمات میں زیروٹولرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس اور بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکلسٹ کے خلاف کارروائی کی جائے، رواں سال  19 لاکھ 60 ہزار سے زائد موٹرسائیکل سواروں کےخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، ہیلمٹ مہم میں 29 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلسٹ کو وارننگ دیتے ہوئے ایجوکیٹ کیا گیا۔ سی ٹی او نے مزید بتایا کہ ایک لاکھ سے زائد موٹرسائیکلوں کو مختلف سیکٹرز میں بند کروایا گیا، 4 لاکھ 90 ہزار 555 موٹرسائیکلوں کے کاغذات قبضہ میں لئے گئے، ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم میں 2 ہزار سے زائد سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کےخلاف کارروائی کی گئی۔ مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ کوئی بھی پولیس اہلکار اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ملازمین پابندی سے مستثنٰی نہیں،بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے پر 2 لاکھ 57 ہزار 716 ڈرائیورز کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے، چالان کی بجائے لائسنس جاری کرنے کےلئے 10 مقامات پر موبائل وینز کھڑی کی گئیں۔ سی ٹی او نے بتایا کہ شہر میں 33 لائسنس سنٹرز کھولے گئے ہیں، چالان کرنا مقصود نہیں، شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے،  ہیلمٹ بازو میں لٹکانے اور ٹینکی پر رکھنے پر بھی چالان ہے، شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کیلئے ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔