غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف آپریشن 30 اکتوبر کے بعد شروع ہوگا: آئی جی پنجاب

10-05-2023

(لاہور نیوز) آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف حکومتی پالیسی کے مطابق من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔

آئی جی پولیس پنجاب کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے کے تحت پنجاب سمیت ملک بھر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تارکین وطن کے خلاف آپریشن 30 اکتوبر کے بعد شروع ہو گا، پاکستان میں بغیر کسی وجہ اور اجازت شدہ مدت گزر جانے کے بعد بھی قیام پذیر افغانی و دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا ٹاسک پورا کریں گے ، تھانوں کی سطح پر چیکنگ کے بعد غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تارکین کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ مکمل کاغذات کے ساتھ  قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکی افراد کو گھبرانے کی  قطعی ضرورت نہیں ، ایف آئی اے ، نادرا اور دیگر ایجنسیز سے غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے بعد حکومتی احکامات پر عملدرآمد کروایا جائے گا، جن تارکین وطن کے پاس جعلی دستاویزات ہونگی ان کے خلاف پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔