معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں:ڈاکٹر جمال ناصر

10-05-2023

(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ معیاری ادویات کی دستیابی پنجاب کے عوام کا بنیادی حق ہے، اسے یقینی بنانے کے لئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت صوبائی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس  ہوا جس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد اقبال اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز ڈاکٹر قلندر خان،ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، ادویات سازی کے ماہرین اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی ضرورت ہے، پاکستان مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، علاج معالجے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے، فارماسیوٹیکل کمپنیاں اور دیگر سٹیک ہولڈرز ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لئے باہمی مشاورت سے نظام وضع کریں،ہماری بقا پاکستان کی بدولت ہے، دوا ساز ادارے مشکل صورتحال میں مفادات سے بالاتر ہو کر کام کریں، شعبہ طب کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت اور دواسازی اس کا اہم جزو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی ادویات تیار کر کے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے،معیاری دوائیں نہ بنانے والی کمپنیوں کے معاملے میں زیرو ٹالرنس سے کام لیا جائے،پنجاب میں معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ نگران صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ تمام کیسز کی سماعت میرٹ پر کی جا رہی ہے،معیاری ادویات کی دستیابی پنجاب کے عوام کا بنیادی حق ہے، اسے  یقینی بنانے کے لئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔