لاہور سے پی آئی اے کی پرواز کئی گھنٹے بعد بھی مدینہ روانہ نہ ہوسکی

10-05-2023

(ویب ڈیسک) لاہور ایئرپورٹ سے مدینہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز تاخیر کے باعث کئی گھنٹوں بعد بھی مدینہ روانہ نہیں ہوسکی۔

پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر کے باعث ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پر عملہ واپس چلا گیا، ایک مسافر کی حالت خراب ہونے پر مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاؤنج منتقل کردیا گیا۔ خیال رہے کہ لاہور سے مدینہ پی آئی اے کی پرواز کو بدھ کی شام 6 بجے روانہ ہونا تھا تاہم پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کے طیارے کو تیل کی فراہمی سے انکار کی وجہ سے پرواز وقت پر روانہ نہ ہوسکی۔ پانچ گھنٹے بعد پی ایس او سے معاملات طے پاجانے کے بعد پرواز پی کے 747 سمیت پی آئی اے کے دیگر طیاروں کو ایندھن سپلائی شروع ہوگئی۔ یہ مسئلہ ختم ہوا تھا کہ دوسرا مسئلہ آن کھڑا ہوا کیونکہ 5 گھنٹے کی تاخیر میں طیارے کے فضائی عملے کا ڈیوٹی ٹائم ختم ہوگیا اور عملے کے افراد چلے گئے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ عملے کا جیسے ہی انتظام ہوگا مدینہ منورہ کیلئے پرواز کو روانہ کردیا جائے گا۔