ورلڈکپ، احمد آباد میں میچز کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے: بھارتی میڈیا

10-05-2023

(ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے سلسلے میں بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے جبکہ پاک بھارت میچ بھی احمد آباد میں ہی کھیلا جانا ہے۔

کرکٹ کا عالمی میلہ آج سے بھارت میں شروع ہونے جا رہا ہے، دُنیا کی 10 بہترین ٹیمیں ورلڈ ٹرافی حاصل کرنے کے لیے بھارت کے 10  شہروں میں مقابلہ کریں گی۔ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور رنرز اپ نیوزی لینڈ کے درمیان آج احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈکپ شروع ہونے سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈکپ کے احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ احمد آباد میں ہونے والے میچز میں دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد احمد آباد سٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی  ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد سٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران سٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد سٹیڈیم میں میچ کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز اندر لےجانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ احمد آباد میں پاک بھارت میچ سمیت کل 5 میچز شیڈول ہیں، آئی سی سی ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔