پنجاب پولیس نے رواں برس بیرون ملک مفرور 122 اشتہاری گرفتار کرلیے

10-05-2023

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے رواں برس خطرناک جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور 122 اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مزید 4 اشتہاری گرفتار کر لیے جس کے بعد رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 122 ہو گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاریوں امانت علی کو سعودی عرب اورمسعود حسین کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا، رابری کیس میں مطلوب اشتہاری محمد سلیم اور محمد عمر شہزاد بھی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کئے گئے، چاروں ملزمان وارداتوں کے ارتکاب کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے انٹرپول کی مدد سے ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے ، اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا،  چاروں اشتہاری بالاخر گرفتار کر کے پاکستان پہنچا دیئے گئے، مزید کارروائی کیلئے متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالے کر دیئے گئے ۔  آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے  اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاریوں کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، قتل، ڈکیتی اور اغواء میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ تمام  آر پی اوز اور ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شیئرنگ کی جائے۔