پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج اساتذہ سے یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے

10-05-2023

لاہور: (سہیل قیصر) آج پانچ اکتوبر ہے، وہ دن جسے پوری دنیا میں ٹیچرز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے، اُنہیں سلام پیش کیا جاتا ہے جو قوم کے نونہالوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرتے ہیں ۔

جب کوئی اُستاد محترم کسی  طالب علم  کو الف سے اللہ اور ب سے بسم اللہ لکھنا سکھاتے ہیں تو  اُن کے شاگرد کی تعلیم کا باقاعدہ آغاز ہوجاتا ہے، پھر تعلیم کا سلسلہ مسلسل آگے بڑھتا رہتا ہے۔  مختلف اساتذہ بچے کی شخصیت کو  نکھارنے اور سنوارنے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرتے  ہیں،گویا وہ ایک نابلد بچے کو انسان بنا دیتے ہیں اور پھر ہم اِنہیں کی بدولت تعلیم یافتہ کہلانے   لگتے ہیں۔ "استادِ محترم کو میرا سلام کہنا  کہ  کتنی  محبتوں سے پہلا سبق پڑھایا  میں   کچھ نہ جانتا تھا، سب کچھ مجھے سکھایا " مختصراً بس یوں جان لیجئے یہ اساتذہ کرام ہی ہیں جن کی بدولت تعلیم  و تربیت کے  مینار روشن ہیں  تو پھر جب اِن میناروں کی روشنی میں  چل کر کوئی کسی بڑے عہدے پر پہنچ جائے تو بھلا کیوں کر اپنے اساتذہ کو  فراموش کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیچرز ڈے پر بچے اپنے اساتذہ کو تحائف اور تہنیتی کارڈ پیش کرتے اور پیغامات بھیجتے ہیں، اس روایت نے استاد اور شاگرد کے خوبصورت رشتے میں نئے احساسات اجا گر کیے ہیں۔ 1994 سے منائے جانے والے آج کے دن تمام اساتذہ کو لاہور نیوز  کا  بھی سلام۔