21 اکتوبر کو سارا پاکستان اپنے محبوب رہنما کا فقیدالمثال استقبال کرے گا، حمزہ شہباز

10-04-2023

(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے 21 اکتوبر کو سارا پاکستان اپنے محبوب رہنما کا فقیدالمثال استقبال کرے گا۔

حمزہ شہباز شریف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مسیحا کی ضرورت ہے جو ملک کی معیشت کو ڈگر پر ڈالے۔ انہوں نے کہا اس وقت عوام کیلئے فوری ریلیف کے اقدامات ہونے چاہئیں، پٹرول، اشیائے خورونوش، بیروزگاری کا خاتمہ ہو، عام آدمی کی زندگی آسان ہو، پاکستان کو جس مسیحا کی ضرورت ہے اس کا نام ہے نواز شریف، 21 اکتوبر کو سارا پاکستان اپنے محبوب رہنما کا فقیدالمثال استقبال کرے گا۔ سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا پاکستان، پنجاب اور لاہور نواز شریف کے تاریخی استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہے، لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ تھا ہے اور رہے گا، 21 اکتوبر قائد کے استقبال نہیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی پر مہر لگنے اور عوامی ریفرنڈم کا دن ثابت ہو گا۔