چاہت فتح علی خان کےورلڈ کپ ترانے پرعلی ظفر کا ناقابل یقین ردعمل سامنے آگیا
10-04-2023
(ویب ڈیسک)پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نےچاہت فتح علی خان کے ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چاہت فتح علی خان نے میرے مصروف شیڈول کا فائدہ اٹھا یا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلوکار چاہت فتح علی خان نے ورلڈ کپ 2023 کے لیے ترانہ جاری کردیا ہے جو پاکستان میں کافی مقبول ہورہا ہے۔چاہت فتح علی خان نے ’جیتیں گے بھئی جیتیں گے‘ کے عنوان سے ترانہ ریلیز کیا ہے جس کی ویڈیو اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) اور یوٹیوب پر اپلوڈ کی ہے۔ ’جیتیں گے بھئی جیتیں گے‘ کی دُھن اُنہوں نے خود لکھی ہے، ویڈیو میں وہ رقص کرتے ہوئے اپنے منفرد انداز میں گنگنا رہے ہیں، جس کی وجہ سے اُن کا یہ ترانہ سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ اس ترانے پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا ہے وہیں عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر بھی خاموش نہ رہ سکے۔علی ظفر نے کہا کہ ‘یہ نہیں ہوسکتا، انہوں نے میرے مصروف شیڈول کا فائدہ اٹھایا ہے، یہ بالکل بھی اچھی بات نہیں ہے، ان کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا’۔ گلوکار نے مداحوں کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اپنی پرفارمنس سے فارغ ہوکر سٹوڈیو جاؤں گا اور وہاں خود کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے ترانہ تیار کروں گا’۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کیے گئے ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر شائقین کرکٹ کے ردعمل کے بعد علی ظفر نے ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔