گداگری کے خاتمے کیلئے آپریشن، 127 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا گیا

10-04-2023

(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر گداگری کے خاتمے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ لاہور میں ماہ ستمبر میں 127 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔

چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے کہ انسداد گداگری مہم کے تحت ریسکیو ٹیم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں گزشتہ ماہ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ضلعی دفاتر میں ریسکیو ٹیموں نے 602 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا۔ بھکاری بچوں کے بارے میں شکایات پر ہفتہ اور اتوار کو بھی ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ لاہور میں کیمپس پل، گلبرگ مین مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، اکبر چوک، بھٹہ چوک اور ڈیفنس سے بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ برکت مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، مون مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ، داتا دربار اور دیگر علاقوں سے بھی بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔