شیخ زاید ہسپتال مالی مشکلات کا شکار، ملازمین تنخواہوں سے محروم، نویں روز بھی احتجاج
10-04-2023
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت کے زیر اہتمام چلنے والے شیخ زاید ہسپتال کی مالی مشکلات کم نہ ہو سکیں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین کا احتجاج نویں روز بھی جاری رہا۔
شیخ زاید ہسپتال کی اوپی ڈی ملازمین کے احتجاج کے باعث نویں روز بھی بند رہی،ہسپتال کے عملے نے ایڈمن بلاک کے سامنے دھرنا دیا اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، بجلی کے بل ادا نہیں کر پائے، بجلی کٹ گئی، ہسپتال میں جان بچانے والی ادویات تک موجود نہیں، ہسپتال کی طبی مشینری خراب پڑی ہے۔ ملازمین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور عملہ کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں،2023 کے وفاقی بجٹ کے مطابق تنخواہوں میں 30 فی صد تک اضافہ کیا جائے، ہسپتال کے مخدوش حالات کے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔ احتجاجی عملہ و ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک آؤٹ ڈور بند اور احتجاج جاری رہے گا۔