پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ماسٹر فرنچائزرز سے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ
10-04-2023
(لاہور نیوز) ٹیکس چوری روکنے کے پیش نظر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ماسٹر فرنچائزرز سے ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق تمام ایسے ریسٹورنٹس جو فرنچائز کے طور پر چل رہے ہیں ان ریسٹورنٹس کا ماسٹر فرانچزر کسٹمرز سے ٹیکس وصول کر کے جمع کروانے کا پابند ہو گا ۔ پی آر اے کی جانب سے تمام فرنچائزز سے انفرادی کی بجائے ریسٹورنٹس کی ماسٹر فرانچائزر سے اب ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ماسٹر فرانچائزر کے ذمہ ٹیکس لے کر جمع کرانا لازمی ہو گا۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 کے سیکشن 14 اے کے تحت ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیکشن 14 اے کے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تمام فوڈ پوائنٹس کے ماسٹر فرنچائزر سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ٹیکس کی ادائیگی موبائل ایپس اور سمارٹ کارڈ سے بھی کی جا سکے گی۔ فوڈ پوائنٹس میں کافی ہاوسز، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس بھی شامل ہیں۔