شاداب خان نے خراب فیلڈنگ کا الزام حیدرآبادی بریانی پر دھر دیا

10-04-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر اور نائب کپتان شاداب خان نے ورلڈ کپ وارم اپ میچ کے دوران خراب فیلڈنگ کے لیے 'حیدرآبادی بریانی' کو الزام دے دیا۔

منگل کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کے بعد شاداب خان نے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم حیدرآباد میں اپنے وقت سے لطف اندوز ہورہی ہے۔ شاداب خان نے کہا کہ اس میچ کا نتیجہ اہم نہیں ہے، ہم نے بہت ساری مثبت چیزیں سیکھیں، ہمارا رویہ اچھا تھا نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، جب آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کو اعتماد ملتا ہے، ہمیں حالات کا تھوڑا سا تجربہ ملا۔ جب ان سے حیدرآبادی بریانی کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ہم وہ روز کھا رہے ہیں، شاید اسی لیے فیلڈ پر تھوڑا سست روی کا شکار ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کیخلاف جمعہ یعنی 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔