پاور ڈویژن اور لیسکو کا ریکوری پر زور، صارفین کے مسائل پس پشت ڈال دیئے

10-04-2023

(لاہور نیوز) وزارت پاور ڈویژن اور لیسکو اتھارٹی نےصارفین کے مسائل اور سہولیات کو پس پشت ڈال دیا۔

ذرائع کے مطابق بجلی صارفین کو  وقت پر بل موصول ہوئے نہ ہی خراب میٹرز کو تبدیل کیا جاسکا، لیسکو کی متعدد سب ڈویژنز میں صارفین بلوں کا انتظار کرتے رہے جمع کروانے کی تاریخ گزرگئی مگر بل موصول نہ ہو ئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہدرہ، بادامی باغ ،رائیونڈ، شالیمار،شاہ پور کے مختلف علاقوں میں صارفین کو بل موصول نہیں ہوسکے، رائیونڈ روڈ اور فیروز پور روڈ کی نجی سوسائٹیوں میں بھی صارفین کو بل موصول نہیں ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بل موصول نہ ہونے کے باعث صارفین بل ادا نہ کر سکے جبکہ متعدد صارفین کو آخری تاریخ گزر جانے کے بعد بل موصول ہوئے، صارفین جرمانہ کے ساتھ بل ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ لیسکو ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیسکو کا پورا عملہ بجلی چوری  کیخلاف کارروائیوں اور ریکوری میں مصروف ہے، اسی وجہ سے ریڈنگ لینے اور بل ڈلیور کرنے میں بھی تاخیر ہورہی ہے، اس تاخیر کا نقصان عام صارفین کو جرمانے اور زائد بلنگ کی صورت میں ہورہا ہے۔