نواز شریف کی وطن واپسی عوام کیلئے امید کی کرن ہے:گورنر پنجاب
10-04-2023
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سینیٹ میں قائد ایوان و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی،ملاقات میں ملک کی معیشت، موجودہ صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر پنجاب نے اسحاق ڈار کی بحیثیت سابق وفاقی وزیر خزانہ خدمات کو سراہا۔ بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہر مشکل وقت میں ملک کی معیشت کو سنبھالا اور صحیح ڈگر پر ڈالا،اسحاق ڈار نے 1998 میں ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود ملک کی معیشت کو گرداب سے نکالا، ماضی قریب میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اسحاق ڈار کی نواز شریف اور ان کی ٹیم کے ساتھ کوششیں کامیاب رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ (ن) کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی عوام کے لیے امید کی کرن ہے،تاریخ گواہ ہے کہ محمد نواز شریف نے ہمیشہ ملک کی خدمت کی ہے، ان کے ادوار میں ملک نے بے پناہ ترقی کی،ملک میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مثالی ترقی ہوئی، ملک میں موٹر ویز ،ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنیں۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں اتحادی حکومت کی ان تھک کوششوں کی وجہ سے ملک کو دیوالیہ کرنے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکا،اتحادی حکومت کے دور رس اقدامات کی وجہ سے آج ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف انشاء اللہ 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، نواز شریف نے پہلے بھی ملک کو بحران سے نکالنے میں مؤثر کردار اداکیا ہے، آئندہ بھی ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں گے۔