منشا بم کے جسمانی ریمانڈ کا حکم کالعدم ، ہائیکورٹ نے جیل بھیج دیا

10-04-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے منشا بم کے جسمانی ریمانڈ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کاحکم دے دیا۔

منشا بم کی گرفتاری کیخلاف دائر درخواست میں پنجاب پولیس، پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال بھی بینچ میں شامل تھے۔  منشا بم کی جانب سے صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان نے دلائل پیش کیے۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے نامکمل تفتیشی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ ایسی ناقص تفتیش کرینگے اب۔ وکیل اشتیاق اے خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ منشا کھوکھر کو پولیس نے خلاف قانون حراست میں لیا، منشا بم کو پولیس اہلکاروں کی جانب سے 13 ستمبر شام 6 بجے حراست میں لیا گیا، پولیس اہلکار سفید رنگ کی پراڈو میں آئے تھے، منشا کھوکھر اور انکی فیملی کیخلاف کچھ مقدمات ایل ڈی اے کے پاس زیر التوا ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے غیر قانونی احکامات جاری کر کے پولیس کو حراست میں لینے کا حکم دیا، منشا کھوکھر کی حراست آئین کے آرٹیکل 4،9،10،15،23 اور 24 کی خلاف ورزی ہے، عدالت منشا کھوکھر کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کے احکامات جاری کرے۔