شہر کے پاسپورٹ آفسز کے سسٹم میں فنی خرابی، سائلین رل گئے

10-04-2023

(لاہور نیوز) گارڈن ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف پاسپورٹ آفسز میں فنی خرابی کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نادرا کے پاسپورٹ دفاتر سے منسلک سسٹم میں فنی خرابی ہوئی، فنی خرابی کے باعث شہر بھر کے پاسپورٹ آفسز میں دو گھنٹوں تک کام رکا رہا۔ ذرائع کے مطابق فنی خرابی کے باعث پاسپورٹ کیلئے درخواست گزاروں کے کوائف اپ لوڈ نہ ہو سکے، پاسپورٹ کیلئے آنے والے شہریوں کو تصویر اور بائیومیٹرک کے بعد طویل انتظار کرنا پڑا۔ خیال رہے کہ ملک بھر کے پاسپورٹس دفاتر میں پاسپورٹ بنانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی رش کی وجہ سے پاسپورٹ بننے کا کام تاخیر کا شکار ہے۔