باپ کے ہاتھوں بچوں کونہرمیں پھینکے کا معاملہ، دوبچیوں کی لاشیں مل گئیں

10-04-2023

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ کاہنہ کے نواحی گاؤں پنجو میں سفاک باپ کے ہاتھوں نہر میں پھینکے جانیوالے چار بچوں میں سے دو بچیوں کی لاشیں نکال لی گئیں ۔

 یکم اکتوبر کو لاپتہ ہونے والے چار بچوں کے قتل کاگزشتہ روز ڈراپ سین ہوگیا جس میں معلوم ہوا کہ سگے باپ نے بچوں کی جان لینے کے بعد خود اغواء کا ڈرامہ رچایا اور مقدمہ کا مدعی بن کر واویلا کرتا رہا۔ بعدازاں ملزم عظیم نے پولیس کو بتایا کہ 12 سالہ صابر ، 9 سالہ سمعیہ ، پانچ سالہ نبیہہ اور دو سالہ عائشہ کو قصور کی للیانی نہر میں پھینک چکا ہے ۔ ملزم کی نشاندہی پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بچوں کی لاشیں نکالنے کے لیے نہر میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد آج دو بچیوں 9 سالہ سمعیہ اور 2 سالہ عائشہ کی لاشیں للیانی نہر کی گدوپلی سے مل گئیں ۔ پولیس کی جانب سے مزید دو بچوں کی لاشیں نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے ، 12 سالہ صابر اور 5 سالہ نبیہہ کی لاشیں نکالنا باقی ہے ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ لاشوں کی برآمدگی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل مکمل ہونے تک ملزم سے تفتیش جاری رہے گی۔