لاہورایئرپورٹ: یونان کے جعلی ویزوں پر 3مسافر اور ایجنٹ گرفتار

10-04-2023

(لاہور نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے یونان جانے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ایف آئی اے حکام نے ملزمان کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے محمد دلدار نامی ایجنٹ کو بھی ایئرپورٹ کی حدود سے گرفتار کر لیا ۔ ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے۔ ملزمان میں محمد زبیر، وحید اختر اور اسد دانیال شامل ہیں۔ ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے یونان کے ویزے جعلی نکلے ۔ ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی سٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔ مسافروں کی آمد اور روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔  ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈز لیے اور جعلی سٹیمپس لگوائیں۔ ایجنٹ محمد دلدار کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔ ایجنٹ محمد دلدار کے موبائل سے متعدد پیغامات اور جعلی سفری دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔