نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ،20 ارب روپے ریونیو ملنے کا امکان

10-04-2023

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں معیشت کی بہتری کیلئے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف بھی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اندازے کے مطابق اب تک ایسی ایک لاکھ سے زائد گاڑیاں پولیس کے پاس باضابطہ رجسٹر کی گئی ہیں، جنہیں ریگولرائز کیا جائے گا جبکہ ان کے علاوہ بھی 2 سے 3 لاکھ گاڑیاں بغیر رجسٹریشن کے سڑکوں پر موجود ہیں، اس عمل سے سرکاری خزانے میں 20 ارب روپے سے زائد کا ریونیو آنے کا تخمینہ ہے۔ ایف بی آر اور دیگر سرکاری اداروں کے ذرائع کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف کے حالیہ دورہ پشاور کے دوران کیا گیا، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے ملک بھر میں غیرقانونی چینل سے داخل ہونے والی گاڑیوں کا ڈیٹا نکال لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر وہ تمام گاڑیاں جو پہلے سے متعلقہ تھانوں کے پاس رجسٹر کی جا چکی ہیں، انہیں کسٹم نیٹ میں لاکر ریگولرائز کیا جائے تو اس سے تقریبا 20 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔آپریشن کے دوران ایف بی آر کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا تعاون حاصل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سال 2018ء تک تھانوں میں پولیس کے پاس رجسٹر گاڑیوں کے علاوہ بھی دو سے 3 لاکھ گاڑیاں بغیر کسٹم ادا کئے پاکستان میں داخل ہوئیں جنہیں آپریشن کے دوران حکومتی تحویل میں لیا جا سکتا ہے۔