محکمہ ایکسائز کا نیا سسٹم کئی روز گزرنے کے بعد بھی غیرفعال، سائلین پریشان

10-04-2023

لاہور: (راحیل علی)محکمہ ایکسائز کا نیاسسٹم کئی روز گزر جانے کے باوجود بھی عوام کے لئے خوشخبری نہ لا سکا ، نہ گا ڑیوں کی رجسٹریشن ، نہ سمارٹ کارڈ کی تیاری،سب دعوے زمین بوس ہو گئے ۔

محکمہ ایکسائز نے 18 سال پرانے سسٹم کو تو  اپ گریڈ کر لیا مگرسسٹم چلے گا کیسے ؟ اس بارے میں آگاہی  نہ لی جاسکی،کئی روز گزر جانے کے باوجود سسٹم میں سامنے آنے والی شکایات کو  دُور نہ کیا جا سکا،محکمہ ایکسائز فیسوں کی دھڑا دھڑ وصولیاں  تو کر رہا ہے مگر سروس ڈلیوری زیرو ہوگئی۔ سسٹم غیر فعال ہونے کی وجہ سے اب تک خزانے کو لاہور میں 80 کروڑ ، پنجاب بھر میں 2ارب روپےسےزائد  کا نقصان ہوچکا ہے،سات ستمبر کو پرانا سسٹم بندکرکے ڈیٹا  جدید سسٹم ایس کیو ایل  پر منتقل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ہزاروں  گاڑیوں وموٹرسائیکلوں کی  آن لائن رجسٹریشن  ادائیگیوں کےباوجود چالان مکمل نہیں ہوپا رہے،دوسری جانب سمارٹ کارڈ کا کنٹریکٹ نئی کمپنی کو دینے  کا فیصلہ بھی  نہیں ہو سکا۔ ایکسائز ذرائع کے مطابق سٹاک ختم ہونے سے گاڑیوں وموٹرسائیکلوں کے  کارڈ زبھی تیار نہیں ہو رہے، 25 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس بھی التواء کا شکار ہیں۔