کمشنر لاہور کی زیرصدارت اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ
10-03-2023
(لاہور نیوز) کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے جاری منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اکبر چوک فلائی اوور پر کام دن رات جاری ہے، 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ ٹرانسمز کی لانچنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بیدیاں چوک انڈرپاس کا بھی 75 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ خالد بٹ چوک پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام بھی دن رات جاری ہے۔ بند روڈ پر جاری تعمیراتی منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہر میں جاری تمام میگا پراجیکٹس پر 24 گھنٹے کام ہو رہا ہے۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے جناح ہسپتال تا پیکو روڈ پر بنائے گئے یو ٹرنز پر ٹریفک کی روانی کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ٹیپا، ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر یو ٹرنز پر ٹریفک روانی کے مسائل کو حل کرے۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کاموں کی رفتار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، کام چوبیس گھنٹے جاری رکھا جائے۔ شاہدرہ فلائی اوور، اکبر چوک اور بیدیاں روڈ منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں، جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم سی ایل، نیسپاک، ایل ڈی اے اور ٹیپا کے افسران نے شرکت کی۔