بھارتی فلم میں اکشے کمار کی والدہ کے کردار کی پیشکش ہوئی تھی: بشریٰ انصاری

10-03-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کی لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ انہیں بالی ووڈ کی ایک فلم میں اداکار اکشے کمار کی والدہ کے کردار کی آفر ہوئی تھی۔

ایک انٹرویو میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ بھارت میں کچھ پاکستانی اداکاراؤں کی عزت نہیں کی جاتی اور نہ ہی انہیں اچھا سمجھا جاتا ہے۔ بشریٰ انصاری  نام لینے سے گریز کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارتی انڈسٹری کے ایک دوست نے بتایا کہ پاکستان سے دو تین اداکارائیں خود سے ہی  کام کرنے بھارت گئی تھیں جن کی وہاں عزت نہیں کی جاتی جبکہ بعض اداکاروں کے ساتھ بھی یہی ہوا کہ خود ہی بھارت گئے اور پھر واپس آگئے۔ نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی،  فواد خان، علی ظفر، ماہرہ خان اور عاطف اسلم کی بہت عزت کی جاتی ہے۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ چند سال قبل بالی ووڈ کے بڑے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے انہیں فلم کی پیشکش ہوئی تھی جس میں انہیں اکشے کمار کی والدہ کا کردار نبھانا تھا تاہم پلواما حملے کی وجہ سے پروجیکٹ پر کام نہ ہوسکا۔ بشریٰ انصاری نے کامیڈی کے شعبے میں معین اختر اور عمر شریف مرحوم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کا کوئی مدمقابل نہیں اور نہ ہی کوئی ان جیسی شخصیت ہے۔