یوٹیلیٹی سٹورز پر عام صارف ریلیف سے محروم

10-03-2023

(لاہور نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارفین کے سٹورز بن کر رہ گئے۔ عام صارف ریلیف سے محروم ہے۔

عام صارف کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز اور اوپن مارکیٹ میں کوئی فرق نہیں رہا۔ عام صارف کے لیے سبسڈی ختم ہونے سے اشیاء کی دستیابی قدرے بہتر ہو گئی۔ تاج پورہ یوٹیلیٹی سٹور پر بھی آٹا، چینی اور گھی دستیاب رہا تاہم آٹے، چینی اور گھی کے حصول کیلئے دیگر اشیاء کی خریداری بھی لازم ہے۔ عام صارف کے لئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 1420 روپے کا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارف کو 10 کلو آٹا 648 روپے میں دیا جا رہا ہے۔ عام صارف کیلئے گھی 455 جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارف کیلئے 385 روپے فی کلو ہے۔ عام صارف کے لئے چینی 147 روپے فی کلو ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارف کو چینی 101 روپے فی کلو مل رہی۔ صارفین کہتے ہیں کام کاج چھوڑ کر آتے ہیں لیکن اب مالی طور پر کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر شناختی کارڈ کے ذریعے صارف کی تصدیق لازم ہے۔ نئی پالیسی کے بعد یوٹیلیٹی سٹورز پر رش میں کمی آ گئی ہے۔