گورنر پنجاب سے دنیا میں امن کیلئے کام کرنیوالی کورین تنظیم کے وفد کی ملاقات

10-03-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے دنیا میں امن کیلئے کام کرنے والی کورین تنظیم ہیون لی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ کے وفد نے سینیٹر کامران مائیکل کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفد میں یانگ بینگن سگ، پارک کیونگ تائیک، کم ینگ سیونگ،  جون ینگ وو، لی سیونگ کیو، نوید طاہر اور جاوید وحید شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے تنظیم کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی تنظیم 2014 سے دنیا میں امن کے لیے قابل تعریف کردارادا کر رہی ہے، اس مقصد کے لیے پوری دنیا سے لوگوں کو اکٹھا کرنا ایک شاندار کاوش ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر عالمی امن کی تنظیموں کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں، جنگوں کے انسانیت پر تباہ کن اثرات ہوتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری آج بھی اپنے جائز حق خودارادیت سے محروم ہیں، ہندوستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کو انکے بنیادی حقوق سلب کرکے جبر سے دبانے کی کوشش کررہا ہے۔ محمد بلیغ الرحمٰن نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تنظیمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ہیں،امن کے لیے کام کرنے والوں کو زیادہ متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔  گورنر پنجاب نے کہا کہ دنیا میں امن پر کام کرنے والی تنظیموں کو اس حوالے سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ، امن کے لیے سب لوگوں کو آگے آنا چاہئے، حکومت پاکستان امن کے لیے کام کرنے والوں کے شانہ بشانہ ہے، اقوام متحدہ کے پیس مشن میں سب سے زیادہ پاکستان کی مسلح افواج کے افسر اور جوان خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔