آشوب چشم کے پنجاب بھر میں 506، لاہور میں 221 نئے مریض رپورٹ

10-03-2023

(لاہور نیوز) پنجاب میں آشوب چشم کی وبا میں بتدریج کمی آ رہی ہے، 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 506 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

 محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں آشوب چشم کے کل 3 لاکھ 96 ہزار 964 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں 23,630 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ روز آشوب چشم کے 221 نئے مریض سامنے آئے۔  رواں سال آشوب چشم کے سب سے زیادہ مریض بہاولپور میں 76٫118 رپورٹ ہوئے جبکہ بہاولپورمیں گزشتہ روز آشوب چشم کے 16 نئے مریض سامنے آئے۔ ملتان میں کل 16635 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 12 نئے مریض سامنے آئے ۔ رواں سال فیصل آباد میں آشوب چشم کے کل 31594 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز 31 نئے مریض سامنے آئے۔ رواں سال راولپنڈی میں آشوب چشم کے کل 9129 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ روز آشوب چشم کا صرف ایک نیا مریض سامنے آیا۔ نگران صوبائی وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا ہے کہ آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں، آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 دن میں خود بخود ٹھیک ہوجاتا ہے، شہری آنکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، تیز دھوپ اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں، آشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیے وغیرہ کو علیحدہ رکھیں۔