انسان کو زندگی میں کم از کم ایک بار محبت ضرور کرنی چاہیے: ثانیہ سعید
10-03-2023
لاہور: (فہیم حیدر) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ انسان کو محبت کم سے کم ایک اور زیادہ سے زیادہ جتنی بار ہو کرنی چاہیے۔
اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اور منجھی ہوئی اداکارہ "ثانیہ سعید" نے دنیا نیوز کے مقبول ترین پروگرام "مذاق رات" میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی اداکاری، کیریئر اور محبت کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ شو کے دوران میزبان عمران اشرف کی جانب سے محبت کے سوال پر ثانیہ سعید نے کہا کہ انسان کو محبت ضرور کرنی چاہیے اور کم سے کم ایک اور زیادہ سے زیادہ جتنی بار ہو جائے محبت کرنی چاہیے۔ ثانیہ سعید نے بتایا کہ پنجابی زبان میرے دل کے بہت قریب ہے اور مجھے مکمل طور پر سمجھ آتی ہے کیونکہ میرا بچپن اور کیریئر کا زیادہ وقت پنجابی بولنے والوں کیساتھ گزرا ہے۔ انہوں نے بچپن اور پڑھائی کی بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے بہت چھوٹی عمر میں ہی کام شروع کر دیا تھا اور اپنا پڑھائی کا خرچہ بطور وائس اوور آرٹسٹ کام کرکے پورا کرتی تھی۔ ثانیہ سعید نے شوبز انڈسٹری میں کام کے حوالے سے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں ہم اپنی عمر کی لڑکیاں ایک دوسرے کو کردار سے متعلق رہنمائی کر دیا کرتی تھیں اور بہت بار تو ایسا بھی ہوا کہ جو کردار مجھے آفر ہوتا تھا میں پڑھ کر کہہ دیتی تھی فلاں لڑکی یہ کردار مجھ سے زیادہ اچھا نبھا سکتی ہے۔ آج کل کے پاکستانی ڈراموں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ سعید کا کہنا تھا کہ اب ہمارے ڈراموں سے مقصد ختم ہوتے جارہے ہیں پہلے ڈراموں میں مسائل پر گفتگو کرنے کیساتھ ساتھ ان کو حل کرنے کے طریقے بھی اپنائے اور بتائے جاتے تھے۔ معروف اداکارہ ثانیہ سعید نے میزبان کی فرمائش پر شو کے دوران فیض احمد فیض کی نظم سنا کر خوب داد سمیٹی۔